اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ سپیکرپنجاب اسمبلی کا ریفرنس پارلیمان کی حرمت کی طرف پہلا قدم ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں طلال چودھری کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اورگالم گلوچ ناقابل برداشت ہے، اسمبلیوں کوگالم گلوچ کا اکھاڑا بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپیکرپنجاب اسمبلی نےگالم گلوچ کرنےوالےارکان کےخلاف ریفرنس بھیجا ہے، دستورگالم گلوچ،گریبان پکڑنےکی اجازت نہیں دیتا، اپوزیشن کے رویے نے سپیکرکوانتہائی اقدام پر مجبور کیا۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دورمیں پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کےبغیرچلتی رہی، سپیکرپنجاب اسمبلی کا ریفرنس پارلیمان کی حرمت کی طرف پہلا قدم ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کی فلاح کےلیےایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، خیبرپختونخوا میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں، صوبے میں کرپشن عروج پرہے جب کہ عوام علاج کی بہترسہولتوں سےمحروم ہیں، سوات واقعہ میں متاثرہ خاندان مدد کےلیےپکارتا رہا مگرکوئی نہ پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح وبہبود کےمنصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے، پنجاب میں عوام کومفت ادویات مل رہی ہیں، تمام الاؤنس لینے کے باوجود یہ لوگ صرف اسمبلی میں گالیاں دینے آتے ہیں، اپوزیشن عوام کی نمائندگی کی بجائےذاتی سیاست کررہی ہے، اڈیالہ سےحکم آنےکےبعد حلف سےروگردانی کی جاتی ہے۔