بہاولپور:(دنیا نیوز) جنوبی پنجاب کا علاقے بہاولپور میں تیراکی کا مقابلہ ایک بزرگ کی جان لے گیا۔
بہاولپور کے علاقے چنی گوٹھ میں عباسیہ کینال میں تیراکی کا مقابلہ جان لیوا ثابت ہوا، جہاں شرط لگا کر نہر پار کرنے کی کوشش میں 66 سالہ بزرگ شہری ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دو بزرگ افراد کے درمیان عباسیہ کینال میں تیراکی کی شرط لگی تھی، ایک بزرگ نہر کے درمیان تک پہنچا لیکن پانی کے بہاؤ کے باعث ڈوب گیا، جس کی لاش بعد میں نکال لی گئی، ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا کہ دوسرا بزرگ شخص نہر کے آدھے راستے سے ہی واپس لوٹ آیا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کے بھتیجے نے الزام عائد کیا ہے کہ علاقہ مکینوں نے میرے چچا کو نہر عبور کرنے کے لیے اُکسایا، وہ پانی میں تڑپتا رہا جبکہ لوگ کنارے پر کھڑے تماشا دیکھتے رہے۔
پولیس نے واقعے کی تفصیلات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔