اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 مظفر گڑھ پرضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جمشید دستی کی نااہلی کی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہوئی تھی، این اے 175 میں پولنگ 10 ستمبر کو ہوگی، امیدوار 25 جولائی تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔
امیدواروں کی حتمی فہرست 13 اگست کو شائع کی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی نشان 16 اگست کو الاٹ کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رکنِ قومی اسمبلی جمشید دستی کی تعلیمی اسناد جعلی قرار پانے کے بعد انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا ریفرنس منظور کر لیا تھا، جمشید دستی کی نااہلی کی 2 درخواستیں الیکشن کمیشن نے منظور کی تھیں۔
اس معاملے پر پی ٹی آئی کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ جمشید دستی کے کیس کا فیصلہ ہائر فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔