پنجاب میں سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

Published On 17 July,2025 09:15 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز، فوجی دستے اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ خوراک، لائف جیکٹس اور طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع جہلم کے رسول نگر خورد، برہان نالہ، ڈھوک بھیدر اور داراپور سمیت متعدد علاقوں میں شدید طغیانی کی وجہ سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔فوجی اہلکاروں نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متعدد افراد کو ریسکیو کیا اور متاثرین تک ضروری سامان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: 26 جون تا 17 جولائی: مون سون بارشوں سے 178 افراد جاں بحق، 491 زخمی

چکری روڈ کے گاؤں لڈیان میں ایک خاندان سیلابی پانی میں گھر گیا تھا، زمینی راستے مکمل بند ہونے کے بعد پاک فوج نے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن کے ذریعے تینوں افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پربھیج دیاگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستے متاثرہ علاقوں میں صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں، پاک فوج اس آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مشکل موسم کے باوجود بروقت اور کامیاب کارروائی پر مقامی آبادی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔