کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزارت میری ٹائم افیئرز کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں گوادر سے عمان تک فیری سروس شروع کرنے پر غور کیا گیا، زائرین اور عوام کی سہولت کیلئے اہم پیشرفت ہوئی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ فیری منصوبے میں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں جی پی اے کے تحت واٹر پلانٹ کا قیام خوش آئند ہے، واٹر پلانٹ سے شہریوں کو روزانہ 1.2 ملین گیلن صاف پانی دستیاب ہوگا، پاک چائنہ ٹیکنیکل ووکیشنل سینٹر کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت دی جائے گی۔
میر سر فراز بگٹی کا کہنا تھا کہ 30ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کا ہدف حاصل کیا جائے گا، بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے تکنیکی تربیت خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے، گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت کیلئے حکومت بلوچستان کا ہر سطح پر تعاون جاری رہےگا۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے گی، گوادر کی ترقی بلوچستان کی ترقی ہے۔