نیلم : (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے علاقے نیلم ویلی میں جیپ کھائی میں گرنے سے میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ جاگراں سیری سے گوریال جانے والی ایک مسافر جیپ کو پیش آیا، جو سڑک کی خستہ حالی کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر جیپ میں 8 افراد سوار تھے، جن میں سے چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جب کہ دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں عالم اعوان، اہلیہ، سالی اور سالا شامل ہیں، نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو بھی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا، جو علاقے میں بڑھتے ہوئے خطرناک حادثات کی ایک بڑی وجہ بنتی جا رہی ہے۔