مظفرآباد ( محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان پر مشتمل فارورڈ بلاک کو اس وقت دھچکا لگ گیا جب الیکشن ٹربیونل نے حلقہ شرقی باغ کا الیکشن کالعدم قرار دیا۔
آزاد جموں و الیکشن کمیشن کی آئینی تشکیل نہ ہونے کے باعث الیکشن ٹربیونل کی طرف سے جاری کئے گئے فیصلہ پر عملدرآمد مشکل نظر آ رہا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن ٹربیونل کے سامنے درخواست گزار پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان نے فارورڈ بلاک کے رکن قانون ساز اسمبلی اور وزیر زراعت میر اکبر کے سال 2021 کے انتخابات کے نتائج کو چلینج کرتے ہوئے دھاندلی، بے ضابطگیوں اور آئینی خلاف ورزیوں کے شواہد پیش کئے۔
کیس کی سماعت کے بعد منگل 22 جولائی کو الیکشن ٹربیونل نے مختصر فیصلہ دیتے ہوئے دھاندلی کی تصدیق کر کے انتخابات کو کالعدم قرار دیا۔
الیکشن ٹربیونل نے 2021ء کے انتخابات میں دھاندلی ثابت ہونے پر فیصلہ میں مزید کہا کہ حلقہ ایل اے-15 (شرقی باغ) کے انتخابات دوبارہ ہوں گے، دوران سماعت ٹربیونل کے سامنے دھاندلی کے واضح ثبوت اور شواہد پیش کئے گئے لہٰذا سال 2021 کا انتخاب کالعدم قرار دے کر ضلع باغ کے اس انتخابی حلقہ میں دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔
آزاد جموں و کشمیر کی سیاست کا یہ اہم فیصلہ 16 جولائی کو متوقع تھا تاہم ٹربیونل کے جج کے عزیز کے انتقال کے باعث 22 جولائی تک موخر کر دیا گیا تھا۔
ٹربیونل نے اپنے فیصلہ میں بتایا کہ انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ نہیں تھے، قانونی تقاضے پورے نہیں ہوئے جو الیکشن کو کالعدم قرار دینے کے لئے کافی ہیں، اس فیصلہ کے بعد وزیر زراعت سردار میر اکبر کی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکنیت ختم ہوگی۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کا الیکشن کمیشن آئینی طور پر مکمل نہیں ہے جس کی وجہ سے الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلہ پر الیکشن کمیشن کو عملدرآمد کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اگر موجودہ الیکشن کمیشن جو تین ممبران پر مشتمل ہونے کے بجائے صرف ایک ممبر کی صورت میں موجود ہے الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلہ پر عملدرآمد کرنے میں کامیاب ہوگیا تو اس کے بعد انتخابی حلقے میں 90 روز کے اندر یعنی 22 اکتوبر تک ضمنی انتخابات منعقد کرانے ضروری ہیں۔
سردار میر اکبر کا کہنا ہے کہ وہ الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر میں اپیل دائر کریں گے، سپریم کورٹ ان کے ساتھ انصاف کر کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کو کالعدم قرار دے کر ان کے انتخاب کو درست قرار دے گی۔
سردار میر اکبر سال 2021 میں باغ سے الیکشن پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان خان کے مقابلے میں چند سو ووٹوں سے جیت گئے تھے۔
سال 2023 میں آزاد جموں و کشمیر میں تحریک انصاف ٹوٹنے کے بعد سردار میر اکبر وزیر اعظم چودھری انوارالحق کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قانون ساز اسمبلی پر مشتمل فارورڈ بلاک میں شامل ہوگئے تھے۔