جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ ترکیہ، بین الاقوامی دفاعی صنعتی نمائش میں شرکت

Published On 23 July,2025 06:44 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ کا دورہ کیا۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استنبول میں منعقدہ 17 ویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی نمائش میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحرشمشاد مرزا نے نمائش کے موقع پر ترک وزیر دفاع جنرل (ر) یاسر گولر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل حسنوف ذاکر اصغر اوگلو سے بھی ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد آذربائیجان کے نائب وزیردفاع گربانوف اگیل سلیم اوگلو سے بھی ملے، ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل مارٹن گورک سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق الگ الگ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ عسکری تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا، فریقین کا سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معزز شخصیات نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، عملی کارکردگی اور قربانیوں کو سراہا، علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لئے نمایاں خدمات کو تسلیم کیا گیا۔