راولپنڈی :(دنیا نیوز) خیبرپختونخو اکے ضلع ملاکنڈ میں 16 تا 20 جولائی سکیورٹی فورسز نے پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگرد ہلاک اور 8 گرفتار کرلیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ضلع ملاکنڈ میں 16 سے 20 جولائی تک سیکیورٹی فورسز نے پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا، اطلاعات کے مطابق علاقے میں بھارتی ایجنٹ تنظیم ’ فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے خوارج موجود تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ چار روز تک جاری رہنے والے اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مہارت سے خوارج کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک کر دیے گئے جبکہ 8 خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسی طرح خوارج کے زیر استعمال دو ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، علاقے کے مقامی لوگوں نے اس آپریشن کو سراہا اور ریاست کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے ساتھ مل کر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔