سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کے تحت طلبہ کی یادگارِ شہداء پر حاضری، پھول چڑھائے

Published On 20 July,2025 01:49 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کے تحت ملک بھر سے آئے ہوئے نوجوان طلباء و طالبات نے یادگارِ شہداء کا دورہ کیا۔

اس موقع پر طلباء نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی، پھول چڑھائے اور نم آنکھوں کے ساتھ ان عظیم قربانیوں کو یاد کیا جنہوں نے وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔

طلباء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یادگارِ شہداء صرف سنگِ مرمر اور پتھروں سے نہیں بنی، بلکہ یہ ہمارے عظیم شہداء کے پاک خون سے بنی ہے، ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے، ہم فوج سے ہیں اور فوج ہم سے ہے، یہ رشتہ جذبات، قربانی اور محبت کا ہے۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے اور ہمارے شہداء ہماری پہچان۔

اس موقع پر طلباء نے آرمی میوزیم اور انسٹیٹیوٹ آف ملٹری ہسٹری کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کی تاریخ، قربانیوں اور تاریخی جنگی ساز و سامان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

طلباء نے میوزیم میں رکھے نایاب ہتھیار، جنگی آلات اور تصویری دستاویزات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ میوزیم ہماری تاریخ کا آئینہ ہے، جس سے ہمیں اپنی افواج کی بہادری اور قربانیوں کا اندازہ ہوتا ہے، طلباء کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا، ’’پاک فوج عوام سے ہے اور عوام پاک فوج سے‘‘۔

اس دورے نے طلباء کے دلوں میں حب الوطنی کے جذبات کو مزید مضبوط کر دیا اور وہ اس عزم کے ساتھ واپس لوٹے کہ وہ ملک و ملت کی خدمت کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔