اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نظام تعلیم میں جدت لانا، ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سنٹانا ایجوکیشن (Cintana Education) کے بانی اور چیئرمین ڈگ بیکر (Doug Becker) کی قیادت میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے حوالے سے تمام حکومتی پالیسیاں ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہیں، ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی تعمیر ہمارے لیے انتہائی اہم سنگ میل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے تعمیر شدہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں ملکی نوجوانوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بنیاد پر کام کرنے کے لیے تربیت دی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) میں گزشتہ ایک برس میں حکومت نے متعدد اصلاحات کی ہیں، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) میں اصلاحات کے بعد اسے مزید موثر اور کارآمد بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں جدت لانے کے لیے نیوٹیک ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کرے، ملاقات میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے پاکستان میں تعمیر شدہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی آپریشنلائزیشن کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے عالمی بینک کے ریجنل نائب صدر کی ملاقات، تعاون کے فروغ پر اتفاق
اس موقع پر ڈگ بیکر نے کہا کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی پاکستان کے شعبہ تعلیم میں جدت لانے کے لیے وسائل اور سہولیات فراہم کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے رواں سال آپریشنلائز ہونے والی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔