کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیچی بیگ اور مستونگ میں دوہرے قتل کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دو معصوم بچیوں اور میاں بیوی کے قتل پر اظہار افسوس کیا، آئی جی پولیس کو ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حکم پر دونوں مقدمات سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیئے گئے۔
سرفراز بگٹی نے دونوں مقدمات کی تحقیقات سائنسی بنیادوں اور مکمل شفافیت سے آگے بڑھانے کی ہدایت کر دی، جدید فرانزک اور تکنیکی وسائل کے استعمال کا حکم بھی دے دیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزم چاہے کتنے بااثر ہوں قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں، ایسے سفاک واقعات پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہیں، حکومت متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کرے گی، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کیلئے عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔