اسلام آباد: (دنیا نیوز) وکیل بانی تحریک انصاف فیصل چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں لیڈرشپ کا فقدان ہے، پی ٹی آئی نے اپنے کیس بھی صحیح طریقے سے نہیں لڑے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل چودھری نے کہا کہ ان کو سزائیں نہ بھی ہوتیں تو تحریک تب بھی نہیں چلنا تھی، تحریک کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہیں دیا گیا۔
فیصل چودھری نےکہا کہ 9 مئی قابل مذمت واقعہ ہے، جو لوگ ملوث نہیں تھے ان کو سزائیں دینا زیادتی ہے، پی ٹی آئی نے ہر جگہ لڑائی لی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کمپرومائزڈ ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ہے، پی ٹی آئی میں اندرونی اور تمام سیاسی جماعتوں سے بھی لڑائی ہے۔
فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت میں کوئی ایسا شخص نہیں جو لڑائی ختم کرا سکے، کئی بار کہہ چکا ہوں موجودہ قیادت تحریک نہیں چلاسکتی، یہ بات بانی پی ٹی آئی کو بھی بتا چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تحریکوں سے کچھ نہیں ہوگا، سیاسی ڈائیلاگ کرنا چاہیے، مارشل لا میں بھی مذاکرات کیے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنےچاہئیں۔