خواجہ شمس الاسلام کا قتل، سندھ بار کونسل کا 4 اگست کو عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان

Published On 02 August,2025 09:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا معاملہ، سندھ بار کونسل نے 4 اگست کو صوبے بھر کی عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

سندھ بار کونسل کے مطابق نامزد ملزم کی جانب سے قتل کا اعتراف کیے جانے کے باوجود اس کی گرفتاری نہ ہونا قابلِ افسوس ہے۔

خواجہ شمس الاسلام کے اہل خانہ کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، قاتل کی عدم گرفتاری سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے حسی عیاں ہوتی ہے۔

سندھ بار کونسل نے آئی جی سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں۔