سندھ پبلک سروس کمیشن کا بڑا اقدام، کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ نظام کے تحت شفاف بھرتی کا آغاز

Published On 04 August,2025 06:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پبلک سروس کمیشن کا بڑا اقدام، کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ نظام کے تحت شفاف بھرتی کا آغاز کر دیا گیا۔

4 اگست 2025 کو حیدرآباد میں کامیابی سے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 17 جولائی کو کیا تھا، ایس پی ایس سی نے لیکچرار کے 3 مضامین کے لیے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ امتحانات کامیابی سے مکمل کیے۔

بیالوجی، پاکستان اسٹڈیز اور اسلامیات کے لیکچرارز کے لیے ٹیسٹ منعقد کیے گئے، امتحان کے ایک گھنٹے میں نتائج جاری، امیدواروں کو آن لائن مارکس شیٹ فراہم، لیکچرار بیالوجی (بی پی ایس 17) کے نتیجے کا فوری اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھرتی کے عمل کو تیز، منصفانہ اور قابل اعتماد بنانے کا عزم کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ ایس پی ایس سی سندھ میں سرکاری اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کا علمبردار ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور شفافیت کے ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے، ایس پی ایس سی نے سندھ میں ڈیجیٹل اصلاحات کا صفِ اول ادارہ ثابت کر دیا، سی بی ٹی اقدام نے بھرتی کے نظام میں جدیدیت کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ شفاف اورکاغذ کے بغیر نظام کمیشن کے میرٹ، انصاف اور ٹیکنالوجی سے وابستگی کا ثبوت ہے، سندھ پبلک سروس کمیشن نے شفافیت، میرٹ اور عوامی اعتماد کی نئی مثال قائم کی ہے۔

امیدواروں نے ایس پی ایس سی پر اعتماد، شفافیت اور سہولت پر اظہارِ اطمینان کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے ایس پی ایس سی ٹیم اور چیئرپرسن کو خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرپرسن ایس پی ایس سی نے کہا کہ پورا عمل مؤثر، محفوظ اور شفاف انداز میں مکمل ہوا، امتحانی نتیجہ ایک گھنٹے میں امیدواروں کے اکاؤنٹس پر آن لائن مارکس شیٹس کے ساتھ جاری کیا گیا، مستقبل کے تمام امتحانات سی بی ٹی کے ذریعے ہوں گے۔

نتائج کی توثیق چیف انفارمیشن آفیسر اور چیئرپرسن ایس پی ایس سی نے کی، لیکچرار بیالوجی (بی پی ایس 17) کے لیے 5 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے، کامیاب امیدواروں میں اطہر علی، غلام قادر، عارف خان، وینیش کمار اور خالد اقبال شامل ہیں۔