دوریاں اتنی بڑھ گئیں، سیاستدان ملنے سے گریزاں ہیں: اعظم نذیر تارڑ

Published On 04 August,2025 07:58 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ دوریاں اتنی بڑھ گئیں، سیاستدان ایک دوسرے سے ملنے سے گریزاں ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاست میں نفرت اتنی بڑھ گئی کہ ہم ایک میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں، ہمیں اپنی، اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دستور ہے کہ ہم جانے والے کو اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں، میاں اظہر ہمیشہ سعادت کا پیکر بنے رہے، میاں اظہر ہمیشہ بہت پیار اور خلوص سے ملتے تھے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دوریاں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ ہم ایک دوسرے سے ملنے سے گریزاں ہیں، سیاست دانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کر دیا، اس حد تک نہ جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو، دونوں طرف کی تکلیف کا احساس کیا جائے، اپوزیشن احتجاج کےبجائےمذاکرات کا راستہ اپنائے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف جب وزیراعظم بنے انہوں نے بات چیت  پر زور دیا، سیاست میں نفرت اتنی بڑھ گئی کہ ہم ایک میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں، ہمیں اپنی، اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا ہو گا، ورنہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ان کا  کہنا تھا کہ آپ کے پاس زیرک لوگ ہیں، بیٹھ کر مسئلوں کا حل تلاش کریں، استدعا ہے کہ چیزوں کو وہاں تک رکھیں جہاں سے واپسی ممکن ہو، جب تک بات کرنے کے بجائے گریبان پکڑیں گے تو جھگڑا چلتا رہے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی والدہ کی میت کی موجودگی میں عدالت میں گواہی ریکارڈ کی گئی۔