خیبرپختونخوا: سکولوں سے باہر بچوں کیلئے بڑا اقدام، ڈبل شفٹ پروگرام کا چھٹا مرحلہ شروع

Published On 08 August,2025 10:04 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا محکمہ تعلیم نے سکولوں سے باہر بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ڈبل شفٹ سکول پروگرام کے فیز 6 کا آغاز کر دیا۔

دستاویزات کے مطابق اس مرحلے میں صوبے کے مزید 62 سکولوں کو ڈبل شفٹ نظام میں شامل کر دیا گیا ہے، نئے مرحلے کے تحت جن اضلاع میں سکولوں کو ڈبل شفٹ میں تبدیل کیا گیا ہے ان میں ہری پور میں 16، صوابی میں 11، لکی مروت اور ایبٹ آباد میں 4، 4 جبکہ دیر لوئر میں 3 سکول شامل ہیں، اس کے علاوہ نوشہرہ میں 4، ضلع خیبر اور مردان میں ایک، ایک سکول کو اس پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ڈبل شفٹ پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے سکول شامل کیے گئے ہیں تاکہ تمام بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں، محنت مشقت کرنے والے بچے بھی اب سہ پہر کے اوقات میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

محکمہ تعلیم نے متعلقہ حکام کو بچوں کے داخلے کے لیے مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اس وقت تک صوبے کے مختلف اضلاع میں 1000 سے زائد سکولوں میں ڈبل شفٹ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔

یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تعلیم کے فروغ اور سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔