اسلام آباد:(دنیا نیوز)ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کے ساتھ کوئی باہر نکلنا نہیں چاہتا۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو تحریک کے حوالے سے مسلسل جدوجہد کرنا ہو گی، معلوم تھا پانچ اگست کا نیتجہ بھی مایوس کن ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی قیادت کےساتھ کوئی باہر نہیں نکلنا چاہتا، سوشل میڈیا پر مجھے نو ماہ سے گالیاں دی جارہی ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلائی جارہی ہے،علیمہ خان نے آج پھر میرے خلاف بیانات دیے۔
ممبر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ جب میرے خلاف بیانات دیں گے تو میں کیسےخاموش ہوں گا؟ پلانٹ کیے جانے کا بیانیہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کی وجہ سےہے، آج پارلیمانی پارٹی نے بھی کہا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔