انڈین ایئر چیف کا بیان مضحکہ خیز، بھارت کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے: عرفان صدیقی

Published On 11 August,2025 01:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے مئی میں ہونے والی 4 روزہ جنگ میں پاکستان کے 5 طیارے گرانے کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا نریندر مودی نے بھی پارلیمنٹ میں اپنی طویل تقریر میں ایسا کچھ نہیں کہا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا بیان مضحکہ خیز ہے، اس پر کیا تبصرہ کیا جائے، بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے یہ جھوٹا بیان کیوں دیا مجھےسمجھ نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا مودی نے ایک گھنٹے 50 منٹ تک پارلیمنٹ میں بات کی لیکن انہوں نے نہیں کہا کہ 5 طیارے گرائے، جھوٹے شخص کا حافظہ نہیں ہوتا، شاید وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا جھوٹ سچ سمجھا جا رہا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا بھارتی ریاست بہار آبادی کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے اور وہاں الیکشن ہونے جارہے ہیں، اگر بی جے پی بہار میں الیکشن ہار جاتی ہے تو اس کی پوزیشن کمزور ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بی جے پی بہت مشکل میں ہے، بی جے پی نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، راہول گاندھی نے الیکشن میں دھاندلی کے شواہد دیئے، بھارت کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا، گزشتہ الیکشن میں دھاندلی کے سخت الزامات لگے ہیں۔

حکومتی سینیٹر کا کہنا تھا کہ خارجہ سطح پر بھی بھارت کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، سفارتی سطح پر بھی کسی ایک ملک نے بھی پہلگام واقعے پر بھارتی مؤقف کو تسلیم نہیں کیا۔

9 مئی کے سیاسی نہیں جرائم کے کیسز ہیں

نو مئی واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے کیسز سیاسی نہیں، جرائم کے کیسز ہیں، 9 مئی کے کیسز میں سزائیں ہو رہی ہیں۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا سب کا فوکس اس بات پر ہے کہ سزائیں کس کو ہو رہی ہیں، 9 مئی کے واقعات پس پردہ چلے گئے ہیں، سزا پانے والوں کے پاس اپیل کے مواقع ہیں، بھارت، امریکا یا برطانیہ میں کوئی جماعت ایسا کرتی تو پتا نہیں کیا کچھ ہو چکا ہوتا۔