اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف تسلیم کیا اور یہ ہماری کامیاب سفارتی کاری کا نتیجہ ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کا کہنا تھا کہ کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ بھارت کی پراکسیز ہیں، فتنہ الہندوستان کے اسپانسرز بھی جلد دہشتگردوں کی فہرست میں ہوں گے، بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد تنظیم پر پابندی پاکستان کی جیت ہے۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ ہمارا مؤقف امریکا، یورپ سمیت دنیا بھر میں تسلیم کیا جارہا ہے، بھارت دہشتگرد گروپوں کی فنڈنگ اور ٹریننگ کرتا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے فوجی جوان اور عام شہری شہید ہوئے، یہ دہشتگرد ڈالرز کمانے کیلئے مدارس اور سکولوں پر حملے کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فیصلے سے پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف لڑنے میں مدد ملے گی، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جتنا مضبوط ہو گا دنیا اتنی محفوظ ہوگی۔