خیبر پختونخوا: ہیلی کاپٹرحادثےکی ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو موصول

Published On 15 August,2025 11:37 pm

پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹرحادثے کی ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کوموصول ہو گئی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹرصبح10بج کر30منٹ پرباجوڑسلارزئی کےلیےروانہ ہوا، امدادی کارروائیوں سے واپسی پر ہیلی کاپٹر مہمند میں حادثہ کا شکارہوا ،حادثہ، خراب موسم اور شدید دھند کے باعث پیش آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس تاحال نہیں مل سکا ہے جب کہ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کی تلاش جاری ہے، بلیک باکس کا ڈیٹا حادثہ کی وجوہات جاننے میں اہم کردار ادا کرے گا، بلیک باکس سے پائلٹس کی گفتگو سمیت دیگر اہم معلومات حاصل کی جائیں گئیں۔

سرکاری حکام نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ہیلی کاپٹر میں سائرن بجے کہ نہیں یہ بھی تفصیل بلیک باکس سے لی جائے گی، حادثہ کی وجوہات جاننے کے لیے بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم ہفتے کو جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی۔

دوسری جانب رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹرکوتلاش کرنے کے لیے ڈرون کیمروں کوبھی استعمال کیا گیا، حادثہ کی تصدیق4 بج کر 45منٹ پرہوئی جس میں 5 افراد شہید ہوئے۔