آزاد کشمیر: سیکڑوں مویشی اور گھوڑے منہ کھر کی بیماری میں مبتلا، درجنوں ہلاک

Published On 17 August,2025 03:11 pm

مظفرآباد : ( محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر کے ضلع حویلی کے علاقے بھیڑی کے گرد و نواح میں سیکڑوں مویشی اور گھوڑ ے منہ کھر کی بیماری میں مبتلا ہوگئے، درجنوں مر چکے ہیں مگر محکمہ امور حیوانات اطلاع کے باوجود ویکسین دے سکا نہ علاج شروع کر سکا۔

محکمہ امور حیوانات کا عملہ علاقے میں نہ ہونے کے باعث بھیڑی اور اس کے قرب و جوار میں مختلف چرا گاہوں سے منہ کھر میں مبتلا بیمار مویشیوں کو لوگ مقامی پیر کے پاس دم کرانے کے لیے پہنچ گئے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ان کے سیکڑوں جانور بیمار ہیں، محکمہ امور حیوانات کے ڈاکٹر اس علاقے میں موجود نہ ہونے کے باعث وہ اپنے بیمارمویشیوں اور گھوڑوں کو مقامی چراگاہ میں لاکر اکٹھا کرکے دم کرانے پر مجبور ہیں۔

مویشی مالکان کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ امور حیوانات کا عملہ اس علاقے میں موجود ہوتا تو انہیں مقامی پیر کو چراگاہ میں بیمار جانوروں پر دم کرانے کے لیے بلانے کی ضرورت پیش نہ آتی، کئی ہفتوں سے اس بیماری کی وجہ سے درجنوں جانور مر چکے ہیں لیکن محکمہ امور حیوانات کا عملہ تاحال ان بیمار جانوروں کو دیکھنے اور ویکسین لگانے کے لیے نہیں پہنچ سکا۔

آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں جولائی اور اگست کے مہینوں میں منہ کھر کی بیماری جانوروں میں تیزی سے پھیلتی ہے، اس بیماری کے باعث مویشیوں میں دودھ کی پیداوار بھی متاثر ہوتی ہے۔

دوسری جانب جب محکمہ امور حیوانات آزاد جموں و کشمیر کے عملہ سے مؤقف لینے کی کوشش کی گی تو انہوں نے اتوار کی چھٹی کا بہانا بناکر جواب دینے سے انکار کر دیا۔

ادھر ڈائریکٹر جنرل امور حیوانات ڈاکٹر اعجاز خان کا موبائل فون نمبر بھی مسلسل بند آرہا ہے۔