کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ قائم دائم اور تاقیامت رہے گا: امیر مقام

Published On 13 August,2025 03:31 am

کوٹلی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ قائم دائم اور تاقیامت رہے گا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کوٹلی آزادکشمیر میں”معرکہ حق‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا پیار ومحبت میرے لئے اثاثہ ہے، شاہ غلام قادر کی محنت کی بدولت مسلم لیگ ن آج زندہ ہے اور لوگوں کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی محبت پاکستان اور مسلم لیگ ن سے ہے، کشمیریوں کے مفاد اور پاکستان کے مفاد میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہو گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری ایک آواز کی بدولت افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دی، اس جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستان طاقت بن کر ابھرا ہے، بھارت کا غرور ہماری افوج نے خاک میں ملا دیا اور پاکستان کا وقار بلندیوں کو چھونے لگا۔