نیلم: (دنیا نیوز) بالائی وادی نیلم کے علاقے جمگر میں رات گئے بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنس جانے والے 10 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پولیس تھانہ نیلم، چوکی پولیس جانوئی اور ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کی، ایک جانب سے پولیس اور انتظامیہ نے سیاح فیملی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ دوسری جانب چوکی جانوئی کی ٹیم نے سیاحوں کو ریسکیو کر کے مقامی گھروں میں پناہ دلوائی۔
ریسکیو کے بعد سیاحوں نے پولیس نیلم، پاک فوج اور مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا اور ان کی بروقت مدد کو سراہا۔
ضلعی انتظامیہ نے بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے دوران سیاحوں کو سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔