مظفر آباد: (دنیا نیوز) مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کی عدالتِ عالیہ نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ضلعی کوٹہ سسٹم کو ختم کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ 2023 کے بعد تمام سرکاری آسامیاں اوپن میرٹ پر مشتہر کی جائیں گی تاکہ شفاف اور مساوی مواقع کو یقینی بنایا جا سکے۔
عدالتِ عالیہ نے حکومت کے تمام متعلقہ نوٹیفکیشنز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ بھرتیوں میں ضلعی کوٹے کے بجائے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی کوٹے کے نظام نے شفافیت اور انصاف کے تقاضوں کو متاثر کیا، اس لیے اس کو ختم کرنا ناگزیر ہوگیا، ہدایت کی جاتی ہے کہ سرکاری اداروں میں بھرتی کا پورا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہو تاکہ اہل امیدواروں کو ان کا حق مل سکے۔
اس فیصلے کو آزاد کشمیر میں ایک اہم عدالتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جو نوجوانوں کے لیے مساوی مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔