کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، دیواریں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صبح سے ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں بجلی مکمل طور پر معطل ہے۔
منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور بعض گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔
— زبانِ خلق (@CivilSupermacy) August 19, 2025
قائد آباد، لانڈھی، ملیر اور دیگر علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ شہر کی اہم شاہراہیں جیسے شاہراہِ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور ایم آر کیانی روڈ تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
کراچی میں بارش کے باعث دیواریں گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، گلستان جوہر کے بلاک 12 میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک 4 سالہ بچی مریم دختر افضل، 3 سالہ بچہ حمزہ ولد افضل، 24 سالہ خاتون سمیعہ زوجہ مبین شامل ہیں، جبکہ ایک 28 سالہ شخص بھی جان کی بازی ہار گیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
زخمی ہونے والا 10 سالہ بچہ بھی تاحال شناخت نہیں ہو سکا، تمام متاثرین کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
— Ans (@PakForeverIA) August 19, 2025
اسی طرح، اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11.5 میں واقع اقصیٰ مسجد کے قریب ایک اور گھر کی دیوار گرنے سے 8 سالہ عبداللہ ولد عباس جاں بحق ہو گیا، جسے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ کا شیڈ گرگیا
تیز بارش کے باعث سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ کا شیڈ گرگیا، ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بمع ایمبولینس اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو وہیکل کے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہے۔
ماہر موسمیات کے مطابق کراچی کے اوپر مزید بادل بن رہے ہیں جس سے مزید بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کو بارش کے لحاظ سے اہم قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے قریب موجود بارش کا سسٹم جلد بھارتی گجرات پہنچے گا اور اس کے اثرات سندھ اور کراچی پر 23 اگست تک محسوس کیے جائیں گے۔
شدید بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے: ماہرین
ماہرین کے مطابق کراچی میں آئندہ دنوں میں درمیانی سے شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، بحیرہ عرب میں موجود مون سون سسٹم کی وجہ سے آج وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی جب کہ کل بھی معتدل بارش کی پیشگوئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ایمرجنسی کے علاوہ فون استعمال کرنے سے گریز کریں۔
سڑکوں پر موجود افراد کو درختوں، کھمبوں اور باڑوں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے کیونکہ آسمانی بجلی ان چیزوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی سست روی بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ لیاقت آباد میں سیوریج کے کام کے بعد گڑھوں کو بند نہیں کیا گیا، جس میں بارش کا پانی جمع ہوگیا اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔
نارتھ ناظم آباد کی لنڈی کوتل چورنگی پر سڑک کا ایک حصہ دھنس جانے سے ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں جا کر برساتی پانی کی نکاسی یقینی بنائیں: چیف سیکرٹری
صورتحال کے پیش نظر چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں موجود رہیں اور برساتی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنائیں۔
بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے کے-الیکٹرک، حیسکو اور سیکپو کو بھی متحرک رہنے کا کہا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام بجلی کے کھمبوں، تاروں اور تنصیبات سے دور رہیں: کے الیکٹرک
ترجمان کے-الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کے انفراسٹرکچر کے قریب مکمل احتیاط برتیں، بجلی کے کھمبوں، تاروں اور تنصیبات سے فاصلہ برقرار رکھیں۔
کے-الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی کو 2100 میں سے 1630 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری ہے، حفاظتی پروٹوکول کے تحت نشیبی اور تجاوزات، و کنڈوں سے بجلی چوری والے علاقوں میں بجلی سپلائی عارضی منقطع کی ہے۔
ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کے-الیکٹرک کا عملہ مکمل طور پر متحرک ہے اور گراؤنڈ پر موجود ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے شدید بارشوں کے پیش نظر ریسکیو اور انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اربن فلڈ سے بچاؤ کے لیے نالوں اور ڈرینج سسٹم کی سخت نگرانی کی جائے، بارش کے پانی کے فوری اخراج کے لیے مشینری اور عملہ متحرک رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شدید بارشوں کے دوران عوام غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور بلدیاتی ادارے کوآرڈی نیشن میں رہیں۔
مراد علی شاہ نے ٹریفک پولیس کو نشیبی علاقوں اور مصروف مقامات پر الرٹ رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک پولیس عوام کی بھرپور رہنمائی کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں اور کمزور انفراسٹرکچر سے دور رہیں، عوام کو موسمی حالات سے باخبر رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام سخت کیا جائے۔
اسلام آباد جانے والی پروازیں منسوخ، متعدد تاخیر کا شکار
موسم کی خرابی اور تیز بارش کے باعث کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔
کراچی سے لاہور اور اسلام جانے والی نجی ایئرلائن کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں، کراچی سے پاکستان کے دیگر علاقوں میں جانے والی فلائٹس بھی تاخیر کا شکار ہیں۔