اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر حمد عبید الزعابی نے ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات کی۔
صدر زرداری نے پاکستان ۔ متحدہ عرب امارات تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
آصف علی زرداری نے سفیر حمد عبید الزعابی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کامیاب مدتِ سفارت پر مبارکباد دی، صدر مملکت مشکل وقتوں میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر شکریہ کیا۔
پاکستان، ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے: آصف علی زرداری
دریں اثنا ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبدالہ کی صدر آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان، ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، تجارت، سرمایہ کاری اور زراعت میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے قیام اور کراچی۔عدیس ابابا پروازوں کا اجرا خوش آئند اقدام ہے، پاکستان ۔ ایتھوپیا ایئر سروسز معاہدے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبدالہ نے حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا، ایتھوپیا کے سفیر جمال نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔