راشد منہاس کا 54 واں یوم شہادت، پاک فوج کے سربراہان کا خراج عقیدت پیش

Published On 20 August,2025 12:49 am

راولپنڈی: (دنیا نیوزی) راشد منہاس نشانِ حیدر کی آج 54 ویں برسی، پاکستان کی مسلح افواج نے راشد منہاس نشانِ حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس نشانِ حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج کے دن راشد منہاس شہید نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لئے جام شہادت نوش کیا، ان کا ناقابل تسخیر جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی مسلح افواج اور قوم کے لئے ایک بہترین مثال ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ان کی بہادری اور قربانی، آزادی کی قیمت اور وطن کے دفاع کیلئے حوصلے کو بلند کرتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج ان کی لازوال بہادری کو خراج تحسین اور انکی قربانی کو یاد رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

آئی  ایس پی آر نے مزید کہا کہ راشد منہاس کا نام تاریخ میں ہمیشہ وفا، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔