اسلام آباد: (دنیا نیوز) ماہ ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے جبکہ چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا، جس کے مطابق یکم ربیع الاوّل 1447 ہجری آج (24 اگست) کو ہے۔
حرمین کے ایکس اکاؤنٹ میں تصویر کے ساتھ لکھا کہ چاند نظر آنے پر مکہ میں کلاک ٹاور کو روشن کر کے ربیع الاوّل آنے کی خبر دی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے سپریم کورٹ نے تصدیق کی ہے کہ 12 ربیع الاوّل 4 ستمبر 2025 کو ہوگی۔
ادھر عمان کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملک میں ربیع الاوّل کا چاند 23 اگست کو نظر آگیا ہے اور (بروز اتوار) کو یکم ربیع الاوّل ہے، اس سے قبل کویت کی حکومت نے وزارتوں اور حکومتی اداروں میں 4 ستمبر بروز جمعرات کو یوم ولادت رسولﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔