لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تھائی لینڈ کی کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ممتاز کاروباری شخصیت تھکسان شینا وترا کی جانب سے عشائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تھائی لینڈ کی تاریخ کی کم عمر ترین سابق خاتون وزیراعظم پائیتونگترن شینا وترا نے بھی شرکت کی۔
تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی نے وزیراعلیٰ پنجاب کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
دونوں سابق وزرائے اعظم نے مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن، انتظامی اقدامات اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا، تھکسان شینا وترا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کے والد کی عوامی جدوجہد متاثر کن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تھائی قیادت کی عوامی خدمات، اصلاحات اور معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ میں آپ کی متعارف کردہ اصلاحات نے ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کی نئی مثال قائم کی ہے، پاکستان اور تھائی لینڈ کی دوستی باہمی احترام، معاشی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں، تھائی کاروباری برادری پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ مراعات سے فائدہ اٹھا سکتی ہے کیونکہ یہاں سے علاقائی منڈیوں تک رسائی آسان ہے۔
وزیراعلیٰ نے ثقافتی سفارت کاری، تعلیم اور سیاحت کے فروغ کو عوام کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا اور بتایا کہ پنجاب حکومت ڈیجیٹل نیشن کے وژن کے تحت نوجوانوں کو جدید شعبوں میں ہنرمند بنا رہی ہے۔