بورے والا: (دنیا نیوز) دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا، کئی آبادیاں مکمل طور پر پانی میں گھر گئیں۔
ساہوکا اور جملیرا کی بڑی آبادیوں کو خطرہ لاحق ہوگیا، پانی کا بہاؤ تیزی سے آبادیوں کی جانب بڑھنے لگا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دریا کی بیلٹ میں موجود تمام لوگوں کو فوری انخلا کی ہدایت کر دی گئی، دریا کی بیلٹ میں مزید درجنوں آبادیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علاقہ میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا، حالات سنگین ہونے پر پاک فوج کی مدد لی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے افراد کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے مئی میں جنگی صورت حال کے بعد پاکستان سے دوسرا باقاعدہ رابطہ کیا اور دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کی اطلاع دی۔
بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے پاکستانی حکام کو دریائے ستلج میں مزید پانی کی آمد سے آگاہ کیا گیا، اطلاع کے مطابق بھارت ہری کے پتن سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ سکتا ہے۔
ستلج میں سیلاب سے پہلے ہی پاکستان کے کئی شہر اور دیہات متاثر ہو رہے ہیں، ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں جبکہ مال مویشی کے نقصانات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔