اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ مالی سال 2024-25 کے آڈیٹ شدہ مالی گوشوارے 29 اگست 2025 تک جمع کرائیں۔
ترجمان کے مطابق یہ گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعات 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے قواعد کے تحت جمع کرانا لازمی ہیں، گوشوارے فارم ڈی پر مکمل تفصیلات کے ساتھ اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے تصدیق شدہ ہونے چاہئیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ہر جماعت کو اپنی آمدن و اخراجات، اثاثہ جات و واجبات اور فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، 1 جولائی 2024 سے 30 جون 2025 تک کے بینک اکاؤنٹس کی مکمل اسٹیٹمنٹس منسلک کرنا بھی لازمی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ تمام دستاویزات براہِ راست جماعت کے مجاز نمائندے کے ذریعے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرائی جائیں گی، کسی بھی قسم کی ڈاک، فیکس یا کوریئر کے ذریعے موصول دستاویزات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔