اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ترک مسلح افواج کے ’یوم فتح‘ تقریب کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ترکیہ کے سفارتخانے آمد پر ناظم الامور برک ایس نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کا استقبال کیا۔
تقریب میں فوجی حکام، میڈیا نمائندگان، کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی جب کہ سفارتی برادری اور سول سوسائٹی کے ارکان بھی شریک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ’یوم فتح‘ پر ترکیہ کے عوام، سیاسی قیادت، مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور اپنے خطاب میں آزمودہ تزویراتی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاک۔ ترک برادرانہ تعلقات کے لیے وسیع حمایت کا اظہار بھی کیا۔