سیلاب سے معیشت، زندگی مفلوج، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی

Published On 30 August,2025 05:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر پنجاب میں تباہی مچا دی ہے جو کہ پچھلے کچھ دہائیوں میں نہیں دیکھی گئی، ہم بجلی کے بل، بینکوں کے قرض دینے کے قابل نہیں رہے، حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقدہ 3 روزہ کلر اینڈ کیم نمائش کا افتتاح کیا، اس موقع پر سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار، نمائش کے سرپرست اعلیٰ عبد الرحیم چغتائی، آرگنائزر راشدالحق اور چینی و دیگر عالمی وفود کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

نمائش ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کے تحت منعقد کی گئی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی 150 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرف دیکھیں پانی ہی پانی ہے، لوگوں کا دکھ بتانے کے لیے پہلی بار الفاظ ساتھ نہیں دے رہے، غلط فیصلوں کے اثرات سب کے سامنے ہیں، ان دریاؤں پر پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے بنانے پڑیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کا ذریعہ معاش ختم ہو گیا، ہم اویس خان لغاری کو مجبور کریں گے، بجلی کے بل اور بنکوں کےقرضے ہم نہیں دے سکتے، آپ بل معاف کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس تباہی کی وجہ انسانی عمل دخل اور ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں، اس تباہی کے ذمہ دار فیصلہ ساز بھی ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ لاہور میں کینال کے اوورفلو ہونے کی بات بے بنیاد ہے، عوام فیک نیوز پر توجہ نہ دیں، عوام صرف حکومتی معلومات اور قابل بھروسہ میڈیا اطلاعات پر یقین کریں، ہمارے اکثریتی شہر سیلاب سے محفوظ ہیں لیکن کچھ شہروں سیالکوٹ، چنیوٹ اور حافظ آباد میں مشکل پیدا ہوئی۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہندوستان انڈس واٹر ٹریٹی کو معطل نہیں کر سکتا، یہ غیرقانونی، غیر اخلاقی ہے، تباہی دونوں طرف آئی ہے، 65 اور 71 کی جنگ میں بھی انڈس واٹر کمیشن کام کرتا تھا، یہ بھارت نے کیسے سوچ لیا کہ لاکھوں زندگیوں سے کھیلے گا، بھارتی وزیر اعظم مودی شاید موسمیاتی تبدیلی کی تباہی کو دعوت دے رہے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز بڑی محنت سے کام کر رہی ہیں، میرا وزیراعظم اور میری وزیراعلیٰ اس آفت میں لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھنے کے لیے کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ڈیم بنانے کی پرزور حمایت کرتے ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ یہ ٹمبر مافیا، پتھر مافیا، سوسائٹی مافیا ایسے چلتی رہی تو پنجاب، پنجاب نہیں رہے گا، حکومت ابھی تو بحالی کا کام کرے گی، یہ عوام کی بقا کا سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، گزشتہ آٹھ دن سے میں نے اپنی دیگر سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں، لاکھوں کیوسک پانی کے ریلے ہر طرف تباہی پھیلا رہے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کاروباری افراد معیشت کا انجن ہیں، نمائش میں آ کر خوشی ہوئی، کاروباری افراد کو سہولیات دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کیساتھ انفارمیشن شیئرنگ کا بندوبست نہیں، مزید سیلاب کا خدشہ ہے: پی ڈی ایم اے

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار نے کہا کہ یہ نمائش کاروباری فروغ میں بھرپور کردار ادا کرے گی، راوی، ستلج، بیاس بپھرے ہوئے ہیں، تاجر برادری کو بھی مشکلات ہیں لیکن وہ متاثرین کے ساتھ ہیں۔

نمائش کے سرپرست اعلیٰ عبدالرحیم چغتائی، آرگنائزر ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشد الحق نے بھی اظہار خیال کیا، افتتاح کے بعد انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو مختلف سٹالز کا دورہ کرایا اور بریفنگ دی۔