لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج پر اونچے درجے کے سیلاب سے آگاہ کردیا۔
وزارت آبی وسائل کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن نے وزارت آبی وسائل کو ستلج میں سیلاب کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزارت آبی وسائل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں پر اونچے درجے کا سیلاب ہو گا، اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ آج صبح 8 بجے سے ہے۔
وزارت آبی وسائل کے حکام نے مزید کہا ہے کہ سیلاب الرٹ سے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو جاری کردیا گیا ہے۔
ادھر دریائے ستلج کی غضب ناک لہریں بورے والا کی حدود میں تباہی مچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، سیلاب کے نتیجے میں ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ اس وقت بورے والا سے گزر رہا ہے جو ہر طرف تباہی کی علامت بن چکا ہے۔
سیلاب سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے متعدد بند ٹوٹ چکے ہیں جس کی وجہ سے سیلابی پانی ساہوکا تک پہنچ چکا ہے، ہزاروں ایکٹر پر کاشت کی گئی فصلیں، بشمول کپاس، دھان، مکئی اور تل مکمل طور پر دریا برد ہو گئی ہیں۔
اس سیلابی ریلے نے کھیتوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور فصلوں کی تباہی نے کسانوں کے لیے ایک بڑا المیہ کھڑا کر دیا ہے۔