لاہور: سیلابی پانی میں پھنسے 6 شیروں کو ریسکیو کر لیا گیا

Published On 01 September,2025 11:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر ملتان روڈ پر راوی کنارے فارم ہاؤس میں سیلابی پانی میں پھنسے 6 شیروں کو کامیابی کے ساتھ ریسکیو کر لیا گیا۔

اس کامیاب آپریشن کی نگرانی سیکرٹری وائلڈ لائف مدثر ریاض نے کی جس میں طوفانی بارش اور پانی کے دباؤ کے باوجود وائلڈ لائف رینجرز نے اپنی جانفشانی سے فرائض انجام دیئے۔

سیلابی پانی میں پھنسے ان شیروں کو بچانے کا آپریشن انتہائی مشکل تھا، اس آپریشن میں چار کشتیاں اور ویٹرنری ڈاکٹرز نے حصہ لیا، وائلڈ لائف رینجرز نے نہ صرف شیروں کو بچایا بلکہ اس دوران انسانی جانوں کے خطرے کو بھی بروقت ٹال دیا۔

ریسکیو کئے گئے تمام شیروں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ شروع کر دیا گیا ہے، ان کی صحت کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کوئی اور مشکل درپیش نہ آئے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وائلڈ لائف رینجرز اور وائلڈ لائف ریسکیو فورس کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قابل فخر آپریشن تھا جس میں ہمارے بہادر رینجرز نے طوفانی بارش میں بھی اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شیروں کو بچایا، آپریشن کی کامیابی پر ہم وائلڈ لائف رینجرز اور ریسکیو فورس کو شاباش پیش کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، ہم کسی جاندار کو مشکل میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور جنگلی حیات کو بچانا ہماری پہلی ترجیح ہے۔