لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہو گئیں جس کے بعد سرکاری و نجی سکولز کھل گئے جبکہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں سکول تاحال بند ہیں۔
لاہور میں سیلابی صورتحال کے باعث 45 سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چوہنگ، موہلنوال ملتان روڈ، موڑ فرخ آباد، ریٹیگن روڈ کے سرکاری سکولز بند رہنے والے سکولز میں شامل ہیں۔
سینٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ، مراکہ، مانگا، چوہنگ، شاداب کالونی، سگیاں، تار گڑھ شاہدرہ، بند روڈ، پری محل شاہدرہ کے سکول بند رہیں گے جبکہ شفیق آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، گاؤں شالا، رنگیل پور، خورد پور، چھگیاں بھمہ، موہلنوال میں بھی سکول تاحکم ثانی بند رہیں گے۔
مانوال، قلعہ تراڑ، مصطفیٰ آباد، ملک پارک، عزیز کالونی اور مانگا ہیٹھاڑ میں بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے آئندہ حکم تک تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں یکم ستمبر سے 7 ستمبر تک شدید طغیانی کا خدشہ ہے جس کے باعث سیلاب زدہ علاقوں میں انتظامی سرگرمیوں اور ریلیف کیمپس کے لیے مختلف سکولز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے گرمی کی شدت کے باعث گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، سکولز 28 مئی سے 14 اگست تک بند رہے، خراب موسم کے باعث تعطیلات میں 31 اگست تک اضافہ کیا گیا۔
کے پی میں بھی موسم گرما کی تعطیلات ختم
علاوہ ازیں پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی موسم گرم کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد نجی و سرکاری سکولز و کالجز دوبارہ کھل گئے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم گرم کی چھٹیاں ختم ہونے کے ساتھ ہی بچوں کی موج مستیاں ختم ہو گئیں اور تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔
کالجز 2 دن کیلئے بند
دوسری جانب لاہور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دو دن کالجز بند رہیں گے، لاہور ڈویژن کے 20 کالجز دو دن بند رہیں گے۔
ڈائریکٹر کالجز لاہور احسان مختار نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اور 2 ستمبر تک کالجز بند رہیں گے، ان کالجز میں 6 لاہور ڈسٹرکٹ کے ہیں۔