اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھل رہے، موسمیاتی تبدیلی سے آفات کا سامنا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سیلابی صورتِ حال سےلمحہ لمحہ کی آگاہی لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے،موسمیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفات کا سامنا ہے،اس وقت پورا ملک یکجا ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دریاؤں میں سیلاب کی صورت حال ہے، دنیا میں سات سے دس ممالک 70فیصد کاربن کا اخراج کرتے ہیں، شدید بارشوں اور سیلاب سے پاکستان کو نقصان کا سامنا ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشئر پگھل رہے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سیلاب کی صورت حال کو مانیٹر کررہے ہیں، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مکمل معاونت کررہی ہے، مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگئے بڑھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چھ ماہ قبل مون سون کی شدت بارے صوبوں کو آگاہ کردیا تھا، تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ آئندہ تین سے چار روز میں مزید بارشیں متوقع ہے ، ہم بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے تمام دریاؤں کی مانیٹرنگ جاری ہے، سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مل کر کام کررہے ہیں۔