راولپنڈی :(دنیا نیوز) بحرین کی ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دنوں عسکری افسران نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے نئی راہیں استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا، سربراہان نے باہمی شراکت داری کے ذریعے دونوں ممالک کی افواج کے مابین، مشترکہ تربیت اور باہمی ترقی کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایئر چیف نے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے اس امر پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو دونوں ممالک کی افواج کے مابین لازوال تعلقات کا مظہر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو دونوں ممالک کے مابین علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
اسی طرح معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کی جانب سے خودانحصاری اور تکنیکی ترقی کے ذریعے حاصل کردہ نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بحرین کی فضائیہ کی آپریشنل استعدادکار بڑھانے کے حوالے سے ملٹی ڈومین آپریشنز میں علمی تعاون کی اہمیت کا احاطہ کرتے ہوئے معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے بھرپور آپریشنل تجربے سے استفادہ حاصل کرنے اور ملٹی ڈومین وارفیئر سے متعلق تربیت کے حصول کی اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران سربراہان نے بحرین کے پائلٹس اور انجینئرز کے لیے جامع اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے آغاز میں بھی دلچسپی ظاہر کی، بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف نے پاک فضائیہ کی جانب سے خودانحصاری کے حصول کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے جدت طرازی اور جدید مقامی صلاحیتوں کی ترقی میں نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔
بعد ازاں، معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔