کالا باغ ڈیم پر گنڈاپور کا بیان ذاتی، متنازع چیزیں چھیڑنا اچھا نہیں: اسد قیصر

Published On 02 September,2025 06:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی ہے ، متنازع چیزوں کو غیر ضروری طور پر چھیڑنا اچھا نہیں ہے۔

پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں اسد قیصر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا بیان پارٹی پالیسی نہیں، ہم نہیں سمجھتے اس وقت کالا باغ ڈیم کی کوئی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اِس وقت اور بھی چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جاسکتے ہیں، علی امین کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا ایک منصوبہ ہے، اِس سے اِن کے علاقےکی پانی کی ضرورت پوری ہو جائے گی۔

سینئر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حال میں متنازع چیزوں کو غیر ضروری طور پر چھیڑنا اچھا نہیں ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہےکہ کالا باغ جیسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے،کالا باغ ڈیم سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کو پانی ملےگا، سندھ کو کالا باغ ڈیم پر ایشوز ہیں، میز پر بیٹھیں بات کریں، کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے۔