بنوں : بھارتی خارجیوں کا ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ ناکام،5جہنم واصل، 6جوان شہید

Published On 02 September,2025 10:06 pm

بنوں: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے ہندوستانی سپانسرڈ خارجیوں کی فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) ہیڈکوارٹرز میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق خارجیوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) ہیڈکوارٹرز کی دیوار سے ٹکرا دی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں دیوار جزوی طور پر گرگئی اور ملحقہ شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہندوستانی سپانسر شدہ خارجیوں کی ہیڈکوارٹرز میں داخلے کی کوشش ناکام رہی جب کہ دھماکے سے تین بے گناہ شہری زخمی اور ایف سی کے 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ہندوستانی پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے5خوارج جہنم واصل کر دیئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی اور پاک فوج کے چھ بہادر جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے  کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا،واقعہ کے بعد سول ہسپتال اور بی ایم سی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

واضح رہے ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج نے آج صبح بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا تھا۔