ملک بھر میں یومِ دفاع وشہدا آج بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

Published On 06 September,2025 06:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم شہدا اور دفاع آج بھر پور جوش و جذبے کیساتھ منایا جارہا ہے۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31 اورصوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فوجی جوانوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبر بلند کیا گیا، مساجد میں ملکی سلامتی، امن اور سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی جرات، بہادری اور عزم کی علامت ہے، عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابل فخر دن ہے، 6 ستمبر 1965 کو ازلی دشمن بھارت نے رات کی تاریکی میں وطن عزیز پر حملہ کیا۔

سترہ روزہ جنگ میں افواج پاکستان نے ازلی دشمن کا غرور خاک میں ملایا، پاک افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا، لاہور، سیالکوٹ اور قصور کے محاذوں پر بھارت کو ناکوں چنے چبوائے گئے۔

پاکستان آرمی نے دشمن کو روکا اور پسپا ہونے پر مجبور کیا، چونڈہ محاذ کو بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بنادیا گیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے، پاک بحریہ نے بھی سمندری محاذ پر دشمن کو بھر پور جواب دیا، وطن کی مٹی کے دفاع میں جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔