کراچی :(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاک،سعودیہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں۔
شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ اُمید ہے وزیراعظم کراچی میں منصوبوں کی سپیڈ سےمتعلق اپنےوعدے کوپورا کریں گے،قدرتی آفت کے دوران سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم توسیاست نہیں کرتے مگرمخالفین کوئی موقع نہیں چھوڑتے،تاریخی سیلاب کےاثرات عوام بھگت رہےہیں، سیلاب سے خیبرپختونخوا،پنجاب متاثرہوئےہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد کرنے کی درخواست کی تھی، جب ایسے سیلاب آتے ہیں تو دنیا سے مدد کی اپیل کی جاتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک، سعودیہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم اوران کی پوری ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں اور معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
اُن کا سعودی عرب کےساتھ معاہدے کومثبت پیشرفت قراردیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان پر حملہ، سعودی عرب پر حملہ تصور ہو گا ہم نے بھارت سے مقابلہ کرکے جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان نے بدترین سیلاب کا سامنا کیا ہے، بدقسمتی سے قدرتی آفت کے بعد اب تک عالمی سطح پرامداد کی اپیل نہیں ہوئی،عالمی سطح پرامداد کی اپیل کرنا سیلاب متاثرین کا حق تھا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے پنجاب سب سے زیادہ متاثرہوا ہے، سندھ کے بھی کچےکےعلاقوں میں لوگ سیلاب سے متاثر ہوں گے۔