علی امین سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق

Published On 25 September,2025 03:59 am

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات کے دوران صوبے میں برطانوی حکومت کے تعاون سے جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی، شراکت داری اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا صوبے کو امن وامان کے مسائل کا سامنا ہے، افغانستان میں حالات ٹھیک ہونے تک خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلے کے مستقل حل کیلئے مذاکرات اور جرگوں کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے، افغان مہاجرین کی باعزت انداز میں واپسی چاہتے ہیں، صوبائی حکومت وطن واپس جانے والے افعان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔