کراچی: (دنیا نیوز) جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے طارق محمود ولد قاضی محمد اکرم کی ایل ایل بی کی ڈگری منسوخ کر دی ہے اور جامعہ کراچی اس نتیجے سے دستبردار ہوگئی ہے۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار عمران احمد صدیقی کی جانب سے ڈگری کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جامعہ کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینڈیکیٹ کے منعقدہ 31 اگست 2024 کے اجلاس کی قرارداد 6 کے تحت اور unfairmeans کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں طارق محمود ولد قاضی محمد اکرم ناجائز ذرائع کے استعمال میں پائے گئے اور انھیں 3 سال کے لیے debarre کیا گیا تھا، وہ کسی بھی کالج یا یونیورسٹی میں داخلہ نہیں لے سکیں گے۔
اس سرکلر کے تحت وہ کسی امتحان میں شریک نہیں ہوں گے جبکہ وہ کبھی بھی اسلامیہ لاء کالج کراچی کے طالب علم بھی نہیں رہے لہٰذا اسسٹنٹ رجسٹرار نے ان کے ایل ایل بی انرولمنٹ نمبر AIL -7124/87 منسوخ کیا۔
سینڈیکیٹ کی اس روداد و فیصلے پر عمل درآمد کے تحت طارق محمود سیٹ نمبر 22857 اور انرولمنٹ نمبر، AIL-7124/87 کا ایل ایل بی کا نتیجہ اور ڈگری منسوخ کی جاتی ہے۔ مذکورہ نوٹیفکیشن وائس چانسلر کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
فیصلے کی اطلاع اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار، سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار، چیف سیکرٹری سندھ، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، ایچ ای سی پاکستان، سندھ ایچ ای سی، سندھ بار کونسل، پرنسپل اسلامیہ لاء کالج اور متعلقہ اداروں کو بھی دے دی گئی ہے۔