پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف آج پشاور کے رنگ روڈ پر جلسہ کرے گی، جلسہ گاہ میں سٹیج اور کرسیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے کارکنان کی آمد متوقع ہے۔
جلسے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنما خطاب کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی جلسے میں شریک ہوں گی۔
انتظامیہ کے مطابق جلسے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب مینا خان آفریدی نے دعویٰ کیا کہ یہ اجتماع تاریخی ہوگا اور اس میں 5 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے، یہ جلسہ عمران خان کی کال پر ہو رہا ہے اور خان کی کال پر پورا پاکستان نکلتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد عمران خان نے اسی مقام پر جلسہ کیا تھا جو بہت بڑا تھا اور 27 تاریخ کا جلسہ بھی اسی طرح تاریخی ثابت ہوگا، پورے ملک سے کارکنان اس میں شرکت کریں گے اور قائدین آئندہ کے لیے لائحہ عمل اور عمران خان کا پیغام پیش کریں گے۔
سرکاری سطح پر انتظامات
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کی وجہ سے جلسے کی تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مشکل درپیش نہیں ہے، سرکاری مشینری اور گاڑیاں جلسہ گاہ کی صفائی کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ متعلقہ ٹی ایم اے کے اہلکار بھی سرگرم ہیں۔
اس حوالے سے مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ دیگر انتظامات پارٹی خود کر رہی ہے، جلسہ پارٹی کے اخراجات پر منعقد ہو رہا ہے اور کارکنان چندہ جمع کر کے اس میں شریک ہو رہے ہیں۔