اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے سے متعلق کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
یکم جنوری سے 31 اگست 2025 تک منشیات کے خلاف وفاقی پولیس کے اقدامات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے پولیس سے رواں سال کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی، عدالتی حکم پر ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ کی پیش کردہ رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں اور گردونواح سے 22 منشیات فروش گرفتار کر کے 22 مقدمات درج کیے گئے، تعلیمی اداروں کے گردونواح سے 18 کلو چرس، 3 کلو ہیروئن اور ساڑھے تین کلو گرام آئس بھی برآمد ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن تعلیمی اداروں کے گردونواح میں کارروائیاں کی گئیں ان میں اسلام آباد کی اہم جامعات بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد میں منشیات کے 1314 مقدمات میں 1408 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، ملزمان سے 261 کلوچرس، 484 کلو ہیروئن، ساڑھے چھ کلو افیون، 94 کلو گرام آئس اور 0.05 گرام کوکین بھی برآمد ہوئی ہے۔