اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری ہو گیا۔
روسٹر کے مطابق 29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک آٹھ ججز سنگل بینچز میں کیسز کی سماعت کریں گے، آئندہ ہفتے تین ڈویژن بینچ اور ایک سپیشل ڈویژن بینچ کیسز کی سماعت کے لیے دستیاب ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کا کیس، وفاقی پولیس نے رپورٹ جمع کرا دی
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر سنگل بینچ میں کیسز سنیں گے، جسٹس ثمن رفعت ، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس محمد اعظم خان سنگل بینچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔
جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس بھی سنگل بینچ میں کیسز کی سماعت کے لیے دستیاب ہوں گے، پہلا ڈویژن بینچ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ہو گا۔
روسٹر کے مطابق جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل سپیشل ڈویژن بینچ ٹیکس کیسز کی سماعت کرے گا، تیسرا ڈویژن بینچ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ہو گا۔
چوتھے ڈویژن بینچ میں جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں، جسٹس طارق جہانگیری جوڈیشل ورک سے روکے جانے کے باعث سنگل بینچ یا ڈویژن بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے روسٹر کے مطابق سینئر پیونے جج جسٹس محسن اختر کیانی آئندہ ہفتے بھی کسی ڈویژن بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔