سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

Published On 30 September,2025 10:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے مختلف شہروں میں رات گئے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ٹنڈوالہ یار شہر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سانگھڑ میں بھی رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہوئی، سجاول، ماتلی، ٹنڈوآدم ، ٹنڈومحمد خان میں بھی بادل جم کر برسے۔

محکمہ موسمیات نے آج سے 3 اکتوبر کے دوران سندھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، سمندری ہواؤں کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں جنوب مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔

دوسری جانب کراچی کا فضائی معیار حساس افراد کے لئے مضرِ صحت قرار دے دیا گیا۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر قائد کا فضائی معیار حساس افراد کیلئے مضرِ صحت ہے، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج تیسرے نمبر پر ہے، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 143 ریکارڈ کیا گیا ہے۔