پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ویڈیو پیغام جاری کردیا۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے جاری اپنے پیغام میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان سے پانچ چھ ماہ بعد ملاقات ہو گئی ہے، پچھلے ملاقات میں کابینہ میں ردوبدل پر بات چیت ہوئی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل سے متعلق اسد قیصر اور شہرام ترکئی سے بھی بات ہوئی تھی، بجٹ قریب تھا تو میں نے بانی پی ٹی آئی کو کہا کہ کابینہ میں تبدیلیاں بجٹ کےبعد کریں گے، میں نے عاقب خان کو اور فیصل ترکئی کو کہا کہ پروپوزل میں اپ لوگوں کا نام بھی شامل ہے تو اِن لوگوں نے آج استعفی دیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک ٹیم ہو کر کام کیا ہے حکومت اور کابینہ میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، علیمہ خان نے آج جو باتیں کی ہیں اِس پر یہ کہتا ہوں عمران خان میرا لیڈر ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میرا کام یہ ہے کہ میں بانی پی ٹی آئی کو حق اور صحیح بات کروں، میں نے عمران خان کو کسی کی شکایت نہیں لگائی، شکایات کمزور اور منافق لوگ کرتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ملاقات میں پارٹی کے معاملات کے حوالے سے آگاہ کیا، پارٹی میں بہت بڑی تقسیم آچکی ہے۔